ممبئی ، 29؍ اکتوبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے نوٹ بندی کو پاگل قدم اور جی ایس ٹی کی ساخت کو ناقص بتاتے ہوئےکہا کہ حکومت کے دونوں فیصلوں نے معیشت کو پٹری سے اتار دیا ہے۔سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ مرکزی حکومت کو یہ تسلیم کرنا چاہئے، اس نے گزشتہ سال اعلی قیمت کے نوٹوں (500) اور 1000 روپے کے نوٹوں کو چلن سے باہر کرکے غلطی کی۔چدمبرم نے کہاکہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی سے انہوں نے معیشت کو پٹری سے اتار دیا۔انہوں نے کہاکہ ہم معیشت کو پٹری پر لے کر آئے تھے۔لیکن اب کون اس کوٹریک پر لے آئے گا؟ ہماری طرف مت دیکھو۔میں آپ (ووٹروں) کی طرف دیکھ رہا ہوں۔آپ کوفیصلہ کرنا ہے کہ کون معیشت کو دوبارہ پٹری پر لے آئے گا۔چدمبرم نے کہا کہ کانگریس اور ترنمول کانگریس سمیت اپوزیشن کی جماعتوں نے آٹھ نومبر کو ’کالا دن‘منانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس کی مخالفت میں بی جے پی آٹھ نومبر کو ’کالا دھن مخالف دن‘منائے گی۔